ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / بنگلورو میں موسلا دھار بارش کا سلسلہ جاری، سڑکوں پر پانی جمع ہونے سے عوام پریشان

بنگلورو میں موسلا دھار بارش کا سلسلہ جاری، سڑکوں پر پانی جمع ہونے سے عوام پریشان

Tue, 17 Nov 2020 10:28:16    S.O. News Service

بنگلورو،17؍نومبر(ایس او نیوز) شہر گلستان بنگلورو میں خراب موسم کا سلسلہ پیر کے روز بھی جاری رہا،اتوار کے روز شہر کے متعدد علاقوں میں موسلا دھار بارش کی وجہ سے کئی محلے زیر آب آگئے تھے اوراس کی وجہ سے لوگوں کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔

دیوالی تہوار کے دوران آتش بازی کے مزہ کو بارش نے کل ہی کرکرا کردیا تھا پیر کے روز بھی بارش کے سبب آتش بازی زیادہ نہ ہو پائی۔ بارش کی وجہ سے جہاں ٹووہیلر سوار بھیگنے سے بچنے کے لئے سڑکوں کے کنارے پر بس اسٹاپس اور فٹ پاتھوں پر دکانوں کے سائے میں پناہ لیتے ہوئے نظر آئے تو دوسری طرف سڑکوں پر پانی بھر جانے کے سب جا بجا ٹرافک جام لگ گیا۔ مسلسل بارش کے باوجود پانی کے بہاؤ کے لئے بی بی ایم پی کی طرف سے کچھ بھی احتیاطی قدم نہ اٹھائے جانے پر لوگ اسے کوستے نظر آئے۔

محکمہ موسمیات نے پیشن گوئی کی ہے کہ شہر میں تیز بارش کا سلسلہ مزید دو دنوں تک جاری رہ سکتا ہے۔ بحر عرب میں ہوا کے کم دباؤ کے وجہ سے طوفان کااندیشہ ظاہر کیا گیا ہے جس کے سبب ملک کی جنوبی ریاستوں میں موسم خراب رہنے کی پیشن گوئی قومی محکمہ آفات سماوی کی طرف سے کی گئی ہے اور کہا گیا ہے کہ 17اور 18نومبر کو بارش اور زیادہ شدت کے ساتھ ہو سکتی ہے۔19نومبر کو بارش میں قدرے کمی ممکن ہے اور 20نومبر کو موسم نارمل ہو سکتا ہے۔ اس دوران شہر میں بارش کی وجہ سے سڑکوں پر پانی بھر جانے سے عوام کو جو تکلیف روزانہ ہو رہی ہے اس پر ان کی ناراضی کئی مقامات پر دیکھنے میں آرہی ہے۔

شیواجی نگر کے تمیا روڈ کے قریب شمس کنونش سنٹر اور تمیا روڈ کے درمیان ہینس روڈ پر بارش کا پانی تقریباً دو فیٹ تک جمع ہو گیا تھا جس کی وجہ سے یہاں گاڑیوں کے گزرنے میں پریشانی لاحق ہوئی۔ کئی گاڑیوں میں بارش کا پانی گھس جانے کے سبب وہ بند پڑگئیں۔ مقامی لوگوں نے بتایا کہ یہاں سے پانی کے بہاؤ کے لئے ڈرینیج کا نظام انتہائی ناقص فراہم کیا گیا ہے اس کی وجہ سے ہر بار بارش کا پانی اس سڑک پر جمع ہو جاتا ہے اور اس کے صاف ہونے میں گھنٹوں لگ جاتے ہیں۔ پانی جب تک مکمل طور پر بہہ نہیں جاتا لوگوں کا اس سڑک پر آنا جانا مشکل ہو جاتا ہے۔

یہی صورتحال تھوڑی ہی دو ری پر موجود لال مسجد جنکشن کے پاس بھی ہے۔ یہاں ایک تو بارش کا پانی جمع ہو جاتا ہے تو اس کے ساتھ ہی اکثر گٹر کا پانی بھی سڑکوں پر جمع ہو جاتا ہے اس کے سبب یہاں لوگوں کو گزرنے میں پریشانی ہو تی ہے۔ آ س پاس موجود دکاندارو ں کی بڑی تعداد نماز کے لئے لال مسجد کا رخ کرتی ہے بارش کے پانی کے ساتھ یہاں گٹر کا پانی سڑک پر جمع ہو جانے یا مسلسل بہنے کی ان لوگوں کو آنے جانے میں پریشانی اٹھانی پڑتی ہے۔


Share: